Tuesday, 10 July 2018

Jamun Khane Ke Fayde || Black Plum Benefits

جامن کھانے سے جسم میں کیا ہوتاہے ۔۔۔۔

مالک دو جہاں نے انسان کے لئے بہت سی نعمتیں پیدا کی ہیں۔ انسان ہر دور میں ان نعمتوں سے فیض یاب ہوتا رہا ہے۔ یہ نعمتیں اس قدر زیادہ مقدار میں ہیں کہ ان کا شمار ممکن نہیں۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں ”تم اپنے رب  کی کون کون سی نعمت کو جھٹلا گے“ (القرآن) انہی نعمتوں میں سے ایک جامن کا پھل بھی ہے۔ آم اور جامن کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ آم کا سیزن شروع ہونے کے کچھ عرصہ بعد عموماً برسات میں جامن بھی بازار میں فروخت ہونے لگتا ہے۔ جامن کا مزاج دوسرے درجے میں سرد و خشک ہے۔ جامن میں اللہ تعالیٰ نے شفا رکھی ہے اس لئے بچے، بوڑھے، جوان مرد اور خواتین سب  کواسے  شوق سے کھانا چاہیے۔  ہیلتھ ایم ایزی چینل کی اس ویڈیو میں نہ صرف جامن کھانے کے فوائدبتائے جائیں گے بلکہ   جامن کا سرکہ بنانے کا طریقہ اور جامن کھانے کا صحیح وقت ،صحیح طریقہ اور احتیاطی تدابیر بھی بتائی جائیں گی۔۔۔۔

جامن ذیابیطس کنٹرول کرنے میں انتہائی مفید ہے۔ ذیابیطس ٹائپ ون کی بجائے ذیابیطس ٹائپ ٹو میں جامن کا استعمال زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے لیکن اس مرض کی دیگر ادویات کی  بجائے صرف جامن ہی کے استعمال پر انحصار کرنا مناسب نہیں۔ جامن کے موسم میں نہ صرف جامن کھائیں بلکہ اس کی  گٹھلیاںسائے میں خشک کر یں اور  کوٹ کر سفوف بنائیں۔ صبح و شام تین ماشہ سفوف پانی کے ساتھ  استعمال کرنے سے انسولین کنٹرول میں رہے گی۔۔۔
شوگر کے مریض اگر کبھی کبھار آم کھالیں تو اس کے بعد جامن کھانے سے نہ صرف شوگر لیول اعتدال پر رکھا جاسکتا ہے بلکہ آم کی حدت بھی معتدل ہوجاتی ہے-
جن مریضوں کا معدہ کمزور ہو انہیں چائیے کہ صبح ناشتے میں ایک پا جامن کھائیں۔ معدہ مضبوط ہو گا اور غذاجلد ہضم ہو جائے گی۔ لو لگنے کی صورت میں جامن کھانے سے لو کے اثرات کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔
جامن خونی بواسیر میں اکسیر کاکام کرتے ہیں۔جامن کے سیزن میں مسلسل اس کا استعمال جاری رکھنے سے یقینی فائدہ ہوتا ہے۔بواسیر کا درد کم ہوتا ہے اور بیماری میں آرام ملتا ہے۔بواسیر کا خون بند کرنے کیلئے بیس گرام جامن کے پتے ایک پاؤ دودھ میں رگڑ کر چھان کر پلانا مفید ہے۔
موسم برسات میں اسہال' گیسٹرو اور دیگر پیٹ کے امراض کیلئے بھی جامن کا سرکہ بہت فائدہ مند ہے ۔ جسکے بنانے کا طریقہ بھی اسی ویڈیو آگے چل کر بتایا جائے گا  ۔۔۔
جامن مرد حضرات کے لیے بہت مفید ہے کیونکہ یہ  مادہ حیات کو گاڑھا کرتا ہے۔ پیشاب کی جلن میں بھی مفید ہے۔ جامن کی گٹھلیوں کو خشک کرکے ان کو باریک پیس لیں اور یہ سفوف تین گرام کی مقدار میں صبح نہار منہ اور شام پانچ بجے تازہ پانی سے بیس یوم استعمال کرنے سے انشاءاللہ بدخوابی و جریان کامرض جاتا رہے گا۔
خواتین میں کثرت حیض کو کنٹرول کرنے کیلئے جامن کے پتے سایہ میں خشک کرکے سفوف بنالیں اور روزانہ صبح نہار منہ ایک چمچ (چائے والا) تازہ پانی کے ساتھ استعمال کرنا بہت فائدہ مند ثابت ہوتا ہے ۔
پھوڑے پھنسیوں سے محفوظ رہنے کیلئے جامن نہایت مفید ہے۔ چہرے کے داغ دھبے' چھائیاں' جامن یا جامن کے شربت کے مسلسل استعمال کرنے سے دور ہوجاتی ہیں اور چہرے کی رنگت نکھر جاتی ہے۔
چہرے کی شادابی' داغ' دھبے' چھائیاں دور کرنے کیلئے جامن کا بیرونی استعمال بھی کیا جاتا ہے اس مقصد کیلئے جامن کی گٹھلیوں کو پانی میں رگڑ کر اس کا پیسٹ بنائیں اور چہرے پر اس کا لیپ کریں۔
جامن کھانے سے آواز نکھرتی ہے اور گلاصاف ہو تا ہے۔ رات کو سوتے وقت منہ سے پانی بہنے کی شکایت (بادی کیفیت)جامن کھانے سے دور ہوتی ہے ۔ اور معدے کی  تیزابیت ختم ہو جاتی ہے ۔
جامن کے استعمال سے خون کا گاڑھاپن اور بڑھتی ہوئی موسمی تیزابیت ختم ہو جاتی ہے- اسی وجہ سے یہ خون کے کینسر میں بھی فائدہ مند قرار دیا گیا ہے اپنے سردوخشک مزاج کے سبب جسم کی فالتو رطوبات کو جذب کر تا ہے جگر اور تلی کے ورم میں اچھے اثرات ظاہر کر تا ہے-
جامن کے کیمیائی تجزیہ کے مطابق اس میں فولاد بھی پایا جاتا ہے اس طرح خون کی کمی والے حضرات کے لئے بھی مفید ہے ۔
جامن وٹامن (حیاتین ج)کا قدرتی خزانہ ہے اس لئے جن لوگوں کو وٹامن سی کے کمی کے نتیجہ میں مسوڑھوں سے خون آتا ہے اُن کے لیے بہت مفید ہے ۔۔۔جامن کے استعمال کے ساتھ ساتھ اس کے پتوں سے بھی استفادہ کریں کیوں کہ جامن کے پتے اور درخت بھی کام آتے ہیں مسوڑھوں سے خون آنے کی صورت میں جامن کے پتوں کو پانی میں جوش دے کر تھوڑا سا نمک ملا کر غر غرے کرنابہت  مفید ثابت ہوتا ہے ۔ اسی طرح جامن کے درخت کی چھال کے جوشاندے سے بھی یہی فوائد ملیں گے۔ منہ کے چھالوں میں بغیر نمک جامن کا استعمال مفید ہے۔ اگر منہ پک جائے تو جامن کے نرم پتے ایک پاؤ لے کر ایک کلو پانی میں جوش دیں اور ٹھنڈا کرکے چھان لیں ۔۔ اس پانی سے کلیاں کرنے سے بہت زیادہ فائدہ ہوگا ۔

جامن کا سرکہ مندرجہ ذیل طریقے سے بنایا جا سکتا ہے:

جامن کا رس حسب ضرورت نکال کر مٹی کے گھڑے میں ڈال کر اچھی طرح بند کر کے دھوپ میں رکھ دیں -اس میں تھوڑی سی پسی ہوئی رائی بھی ڈال دیں دو ماہ بعد گھڑے میں جو کچھ ہو چھان لیں جامن کا سرکہ تیار ہے- جامن کا یہ سرکہ معدے اور آنتوں کو طاقت دیتا ہے اس سے نہ صرف نظام ہضم صحیح رہتا ہے بلکہ غذا بھی جلد ہضم ہوتی ہے ۔ بھوک لگاتاہے، گرمی دور کرتاہے، خون کا جوش اور تیزابیت دور کرتاہے۔ گرم مزاج والوں کیلئے ایک عمدہ تحفہ ہے۔ معدہ اور آنتوں کی کمزوری کو دور کرنے کیلئے ۔۔جامن کے سرکے میں چینی ملا کر سکنجبین بنائیں اور صبح وشام استعمال کریں۔
جامن کا سرکہ کھانے اور ورم پر لگانے سے تلی کے ورم میں فائدہ ہوتا ہے-
جامن کی گٹھلی کو سایہ میں خشک کر کے اس کا سفوف بنا لیں۔ تین ماشہ یہ سفوف دہی کے ساتھ دن میں تین بار استعمال کرنے سے ہر قسم کی پیچس دور ہو جاتی ہے۔آنکھوں سے پانی آتا ہو یا موتیا اتر رہا ہو تو جامن کی گٹھلی خشک کر کے باریک پیس کر تین تین ماشہ صبح و شام پانی کے ساتھ کھلائیں اور جامن کی گٹھلی برابر وزن شہد میں پیس کر سرمچو سے صبح و شام آنکھوں میں ڈالا کریں۔ لوگ کہتے ہیں کہ جب موتیا اترنا شروع ہوتا ہے تو پھر رکتا نہیں۔ یہ آسان سی دوائی لوگوں کے اس خیال کو غلط ثابت کر دے گی۔ جامن کی گٹھلیوں کو خشک کر کے باریک پیس کر شہد ملا کر بڑی بڑی گولیاں بنا کر رکھیں۔ یہ گولیاں منہ میں رکھ کر چوسنے سے بیٹھا ہوا گلا ٹھیک ہو جاتا ہے اور آواز کا بھاری پن ٹھیک ہو جاتا ہے۔ اگر دیر تک استعمال کی جائے تو دیر سے بگڑی ہوئی آواز بھی ٹھیک ہو جاتی ہے۔ زیادہ بولنے اور گانے والوں کے لئے یہ ایک  عجیب فائدہ مند چیز ہے۔.0

جامن کھانے کا صحیح وقت ،طریقہ اور احتیاطی تدابیر

جامن کی مقدار خوراک ایک پائو سے 3پائو تک ہے۔ اس کے زیادہ استعمال سے پیٹ خراب ہوسکتاہے۔ قبض کی بھی شکایت ہوسکتی ہے۔ گویا ہر چیز کی طرح جامن کھانے میں بھی اعتدال ضروری ہے۔ جامن کھانے کاصحیح طریقہ یہ ہے کہ نمک اور سیاہ مرچ کے ساتھ کھایا جائے اور ہمیشہ کھانے کے بعد کھائیں، خالی پیٹ کھانے سے پیٹ میں درد ہوتاہے۔ اسی طرح بہت زیادہ کھانے سے قبض بھی ہوسکتی ہے ۔۔جامن کھاکر پانی پینا بھی صحت کیلئے مضر ہے لہٰذا جامن کھانے کے بعد پانی پینے سے گریز کریں۔حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی مائیں جامن کھانے سے پرہیز کریں ۔۔

No comments:

Post a Comment