Thursday, 7 June 2018

What happens to your body when you quit smoking?

تمباکو نوشی ترک کرنے کے حیرت انگیز اثرات

 پاکستان میں ہر سال ایک لاکھ ساٹھ ہزار جب کہ دنیا بھر میں 50لاکھ سے زائد افراد سگریٹ نوشی کی وجہ سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔ جبکہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں دس سے چوبیس سال کی عمر کے تقریباً 2 ارب افراد تمباکو نوشی کرتے ہیں۔۔۔ ایک نئی میڈیکل ریسرچ کے مطابق  ہر دس اموات میں سے ایک موت کی وجہ سگریٹ نوشی ہوتی ہے ۔۔۔
تمباکو نوشی سے دل کے امراض اور پھیپڑوں کے سرطان جیسی خطرناک بیماریاں ہوتی ہیں اور تمباکو نوشی کرنے والا اپنی اوسط عمر سے پندرہ سال پہلے دنیا سے گزر جاتاہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ایک سگریٹ انسان کی عمر آٹھ منٹ تک کم کر دیتی ہے کیونکہ اس میں چار ہزار سے زائد نقصان دہ اجزاء موجود ہوتے ہیں۔ تمباکو نوشی سے انسان کو دل، پھیپھڑے، سانس، نظام ہاضمہ، پیشاب، معدہ، جگر اور منہ کی بہت سی مہلک بیماریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ جب آپ تمباکو نوشی کو ترک کردیتے ہیں اور ان چار ہزار سے زائد نقصان دہ اجزاء کو دھویں کی شکل میں اپنے جسم کا حصہ نہیں بناتے تو آپ کی صحت پر لاتعداد مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ہیلتھ ایم ایزی یوٹیوب چینل کی اس ویڈیو میں ایسے ہی مثبت اثرات کی ایک فہرست مرتب کی گئی جن کو جان کر آپ یقینا حیران رہ جائیں گے ۔۔۔اس کے علاوہ ویڈیو کے آخر میں تمباکو نوشی سے نجات کے چندآسان اور منفرد  طریقے بھی بتائے جائیں گے اس لیے اس ویڈیو کو نہ صرف آپ خود دیکھیں بلکہ صدقہ جاریہ سمجھتے ہوئے اپنے دوست احباب میں بھی شئیر کریں کیونکہ ہو سکتا ہے ہمارا یہ عمل کسی انسان کو مہلک بیماری سے بچانے کا ذریعہ بن جائے ۔۔۔


تمباکو نوشی ترک کرنے کے 20 منٹ بعد
سیگریٹ نوشی کے ترک کرنے کے صرف 20 منٹ بعد ہی ہاتھوں اور پیروں میں خون کی روانی میں بہتری آتی ہے۔
تمباکو نوشی ترک کرنے کے 2 گھنٹے بعد
اس عادت کو چھوڑنے کے 2 گھنٹے بعد دل کی دھڑکن، نبض کی رفتار اور بلڈ پریشر معمول پر آجاتے ہیں جبکہ حاملہ خواتین کے معاملے میں حمل کے دوران بچے کے دل کی دھڑکن بھی معمول پر آجاتی ہے۔

8 گھنٹے بعد

جسم میں کاربن مونو آکسائیڈ نامی زہریلی گیس کی مقدار کم ہوجاتی ہے اور وہ آکسیجن کو خون کے خلیات تک رسائی کو مزید روک نہیں پاتی اور اگر ایسا کوئی حاملہ خاتون کرتی ہے تو ان کے ہونے والے بچے کو بھی زیادہ آکسیجن ملنے لگتی ہے۔

24 گھنٹے بعد

دل کے دورے کا خطرے کافی حد تک کم ہوجاتا ہے۔

48 گھنٹے بعد

نکوٹین مکمل طور پر آپ کے جسم سے خارج ہوجاتی ہے۔

2 روز بعد

آپ کی سونگھنے اور چکھنے کی حِس بہتر اور دوبارہ واپس آجاتی ہیں۔

3 دن بعد

نظام تنفس میں نمایاں بہتری آتی ہے جبکہ پھیپھڑوں میں پائے جانے والے بال نما ابھار واپس ابھر آتے ہیں جو کہ پھیپھڑوں میں پائے جانے والے ذرات کو آگے منتقل کرتے ہیں۔ اگر آپ کھانسی کے شکار ہوتے ہیں تو یہ تکلیف کچھ عرصے کے لیے بڑھ جاتی ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں آپ کے پھیپھڑوں سے زہریلے اجزاء خارج ہوجاتے ہیں۔

تمباکو نوشی ترک کرنے کے ایک ہفتے بعد

ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کا پریشر کم ہوجاتا ہے۔

3 ماہ بعد

پھیپھڑوں کی گنجائش میں اوسطاً 39 فیصد تک اضافہ ہوجاتا ہے اور سانس لینے میں مشکل کم ہوجاتی ہے، اسی طرح جلد کی رنگت میں بھی بہتری آتی ہے۔

3 سے 9 ماہ بعد

تمباکو نوشی کرنے والے افراد کی کھانسی اور انفیکشنز سے زیادہ متاثر ہونے کی حساسیت کم ہوجاتی ہے کیونکہ پھیپھڑے اب خود کو صاف کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔

تمباکو نوشی ترک کرنے کے ایک سال بعد

خون کی شریانوں کے امراض جو دل کی بیماریوں اور فالج کا باعث بن سکتے ہیں، کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

5 سال بعد

معدے، منہ، گلے، پھیپھڑوں اور غذائی نالی وغیرہ کے کینسر کا خطرہ نہ ہونے کے برابر رہ جاتا ہے۔

5 سے 10 سال بعد

اس عرصے کے دوران دل کے دورے اور فالج وغیرہ کا خطرہ اسی سطح پر پہنچ جاتا ہے یا کم ہوجاتا ہے جتنا زندگی میں کبھی تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کو ہوتا ہے۔

تمباکو نوشی ترک کرنے کے 15 سال بعد

آپ کو کسی قسم کے کینسر لاحق ہونے کا خطرہ اتنا ہی رہ جاتا ہے جتنا زندگی میں کبھی بھی تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کو ہوتا ہے۔

تمباکونوشی سے نجات کے چند آسان طریقے

سیگریٹ چھوڑنے والوں کے لیے ایک آسان سی ٹپ ہے کہ سونف کو تھوڑے سے گھی میں بھون کر شیشی میں بھر کر رکھ لیں جب بھی تمباکو نوشی کی خواہش ہو تو آدھا چمچ سونف چبالیں اس سے تمباکو نوشی کی خواہش ختم ہوجائے گی۔
برٹش کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق روزانہ کچھ دیر کے لیے دوڑنا تمباکو نوشی جیسی بری عادت سے نجات اور صحت کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران محققین نے رضاکاروں سے یہ عادت چھڑوانے کے لیے انہیں روزانہ دوڑنے کی ہدایت کی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ دس ہفتے کے پروگرام کے بعد 50.8 فیصد افراد نے کامیابی سے تمباکو نوشی کی عادت کو ترک کردیا ہے جبکہ 91 فیصد میں اس کے استعمال کی شرح میں کمی دیکھنے میں آئی۔
اب آپ سے شئیر کرتے ہیں ایک دلچسپ میڈیکل ریسرچ کے دوران سگریٹ پینے والے افراد پر کیا گیا دلچسپ تجربہ ۔ سیگریٹ پینے والے افراد جب رات کو سو رہے تھے تو انہیں سگریٹ اور گندے انڈوں کی بدبوسنگھائی گئی اور یہ عمل رات میں بار بار دھرایا گیااور مشاہدے میں یہ بات آئی کہ ایسے افراد نے اگلے دن غیر ارادی طور پر سگریٹ پینے میں کمی کردی۔ یہی تجربہ ایک اور گروپ پر جاگتے میں کیا گیا لیکن انہوں نے سگریٹ کی مقدار میں کمی نہیں کی ۔تحقیق کار اس سلسلے میں بتاتے ہیں کہ انسان کو نیند میں دو بدبوئیں بار بار سنگھائی جائیں تو ہمارے لاشعور میں یہ بیٹھ جاتی ہیں اور بیدار ہونے کے بعد انسان غیر ارادی طور پر سگریٹ کی مقدار میں کمی کردیتا ہے جبکہ اگر یہ عمل بیداری میں کیا جائے تو جسم اس میں مزاحمت کرتا ہے اور سگریٹ میں کمی نہیں ہوتی۔ اگر آپ بھی سگریٹ پیتے ہیں اور اس سے جان چھڑانا چاہتے ہیں تو یہ دلچسپ طریقہ آزما کر دیکھیں۔

صحت بہت بڑی نعمت خداوندی  ہے۔ ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے اور اسے برباد نہیں کرنا چاہیے۔اس لیے اگر آپ بھی دل کے امراض اور کینسر جیسی مہلک بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں تو تمباکو نوشی چھوڑ دیں اور صحت سے بھر پور زندگی گزاریں۔۔۔

No comments:

Post a Comment